رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی فیصل آباد کے ضلعی صدر چوہدری سعید اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف برادران ہر محاذ پر ناکام ہو چکے ہیں، دہشت گردی کا ناسور ملکی سلامتی اور عوام کے جان و مال کیلئے کسی ناگہانی آفت سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کا وفاقی وزیر داخلہ ہی غیر فعال ہو، وہاں کے عوام قربان ہی ہوتے رہیں گے، وزیراعظم نواز شریف کو قوم کے تمام سوالوں کا جواب دینا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہی واقعات خدانخواستہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہوتے تو مسلم لیگ نون نے طوفان بدتمیزی برپا کر دینا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاناما کیس پر نظریں ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ شریفوں کے خلاف فیصلے نہیں آتے، پاناما کیس کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد نہ ہونے سے دہشتگردی پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰