رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے شامی نگراں مرکز نے اعلان کیا ہے کہ شمالی شام میں مطب البو راشد پر یہ ہوائی حملے درمیانی رات نصف شب کے بعد کئے گئے جن کے بارے میں زیادہ امکان یہی ہے کہ امریکی اتحاد نے یہ حملے کئے ہیں۔ تمام مخالف ذرائع نے ان حملوں میں اٹھارہ افراد کے مارے جانے کی خبر دی ہے۔
شام کا یہ قصبہ، رقہ کے قریب واقع ہے جو شام میں داعش دہشت گرد گروہ کا اصلی گڑھ سمجھا جاتا ہے۔امریکہ کی سرکردگی میں قائم اتحاد کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں داعش گروہ کو شکست دینے کے لئے وہ، عرب اتحاد سے وابستہ دمشق مخالف کرد فورس کی مدد کر رہا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ شام میں بنیادی تنصیبات، فوجی ٹھکانوں اور عام شہریوں پر امریکہ کی سرکردگی میں قائم اتحاد کے بارہا حملوں کی رپورٹیں موصول ہوئی ہیں۔
تازہ حملوں کا یہ واقعہ، جاری کی جانے والی ایسی رپورٹوں کے ایک روز بعد پیش آیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ دمشق مخالف فورس کے توپ خانے کی حمایت میں سینکڑوں امریکی فوجی، شمالی شام میں داخل ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ، دو ہزار چودہ سے عراق اور شام میں دہشت گردی کے خلاف قائم نا نہاد اتحاد کی سربراہی کر رہا ہے۔ /۹۸۹/ف۹۴۰/