رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صوبے صنعا کے علاقے نہم پر سعودی فوج کے ہوائی حملے میں تین یمنی شہری شہید ہو گئے جن میں ایک عورت بھی شامل ہے۔
صوبے صنعا پر سعودی جارحیت میں متعدد یمنی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ سعودی جنگی طیاروں نے صوبے محویت پر بمباری کر کے ایک شخص کو شہید کر دیا۔
یمنی فوج نے بھی سعودی جارحیت کے جواب میں سعودی عرب کے علاقے نجران اور جیزان میں سعودی فوجی ٹھکانوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔ انصاراللہ کے جوانوں نے بھی طلعہ فوجی ٹھکانے پر حملہ کر کے سعودی عرب کو خاصا بھاری نقصان پہنچایا۔
یمن سے ایک اور خبر یہ ہے کہ امریکہ و سعودی جرائم کے مقابلے میں یمنی خواتین، نامی تنظیم نے ایک بیان میں صوبے الحدیدہ کے بازار پر امریکہ و سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے رہائشی علاقوں پر ممنوعہ ہتھیاروں سے حملے اور ملک کی بنیادی تنصیبات کو تباہ کرنا، بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے کہ جس کی کوئی توجیہ پیش نہیں کی جا سکتی۔
یمنی خواتین کی اس تنظیم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں اور اسی طرح انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ، یمن پر سعودی عرب کے جارحانہ اور وحشیانہ حملے فوری طور پر بند اور یمن کا ظالمانہ محاصرہ فوری طور پر ختم کرانے کی بھرپور کوشش کریں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/