رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ داعشی دہشت گرد ، دیرالزور ایئرپورٹ کے علاقے میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے تاہم شامی فوج اور فضائیہ نے ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔
شامی فوج کے توپ خانے اور فضائیہ کی بمباری میں، داعشی دہشت گردوں کے چار کار بموں، بھاری ہتھیاروں سے لیس گیارہ گاڑیوں، ایک جنگی کشتی اور ایک ٹینک کو تباہ کر دیا گیا۔
جنوب مغربی دیرالزور میں بھی شامی فوج نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دس داعشی دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ روسی فوج، شام کے تاریخی شہر پالمیرا کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے میں مصروف ہے اور اس دوران داعش کی بچھائی ہوئی ایک سو بیس بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
روسی فوج نے اس علاقے میں داعش کے بڑے اسلحہ خانے کا بھی پتہ لگانے کے بعد اسے اپنے کنٹرول میں لے لیا۔/۹۸۸/ن۹۴۰