رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کے ترجمان زاہد علی آخونزادہ کا کہنا ہے کہ اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔
اسلامی تحریک پاکستان کے تمام ممبران گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی و کونسل قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر متحد ہو کر عوامی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پرقائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کی گہری نظر ہے۔ ہماری جماعت نے روز اوّل سے ہی گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی آواز ہر فورم پر بلند کی اورگلگت بلتستان کو ملک کا پانچواں آئینی صوبہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھی ۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر پرکوئی اثر نہیں پڑے گا بلکہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے ملک مزید مضبوط ہوگا۔
ترجمان نے حکومت پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے تعین کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی جانب سے گلگت بلتسان کو آئینی صوبہ بنانے کی جو سفارشات وزیر اعظم کو بھجوائی ہے اور چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کہ گلگت بلتستان ملک کا پانچواں صوبہ ہے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ آئین پاکستان میں ترمیم کرکے گلگت بلتستان کی عوام کو گزشتہ 70سالوں سے حقوق سے محروم رکھنے کی روش کا خاتمہ کرتے ہوئے آئینی صوبہ بناکر قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی دینے میں دیر نہ کی جائے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان سی پیک منصوبے کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے جس کے فوائد سے اس علاقے کی عوام کو بھر پور طریقے سے بہرہ مند کیاجائے ۔ جی بی میں پاور سیکٹر میں بے شمار مواقع ہیں جنہیں سی پیک میں شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اس منصوبے سے گلگت بلتستان کی عوام کو سہولت دینے کیلئے رابطہ سڑکوں کے جال کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز سکردو،گلگت اور دیامر میں بھی اقتصادی زون قائم کیے جائیں۔ اس سے ملکی استحکام اور یکجہتی کی فضا قائم ہوگی۔ اسلامی تحریک پاکستان سی پیک کے منصوبے کوپاکستان کا تاریخی اور مثالی منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل میں بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ روز اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کا اہم دو روزہ اجلاس صوبائی صدرحجت الاسلام سید محمد عباس رضوی ممبر گلگت بلتستان کونسل کی زیر صدارت علاقائی کیمپ آفس سکردو میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حجت الاسلام شیخ مرزا علی صوبائی جنرل سیکریڑی ، دیدار علی سینئر نائب صدر ، کیپٹن شفیع ممبر اسمبلی، کیپٹن سکندر ممبر اسمبلی و چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی،حجت الاسلام فدا عبادی ڈویژنل صدر ، حجت الاسلام موسی رضوانی سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں شیخ مرزا علی کو صوبائی جنرل سیکرٹری اور اور برادر یوسف آخونزادہ کو ایڈیشنل جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا اور فیصلہ کیا گیاکہ حلقہ نمبر 4نگر میں بھر پور انداز میں کردار ادا کرتے ہوئے ضمنی الیکشن میں اپنے اُمیدوارکو کامیاب کر ائیں گے علا وہ ازیں اسلامی تحریک پاکستان عادلانہ حکومت اور نظام پر یقین رکھتی ہے اور صوبائی حکومت کے بعض اقدامات کو عادلانہ تقاضوں کے منافی سمجھتی ہے۔ اور سخت تشویش کا اظہار کرتی ہے خصوصا محکمہ تعلیم ، صحت اور پولیس بھرتیوں میں خلاف ضابطہ اور قانون بھرتیوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کو دہراتی ہے کہ میرٹ کو پاؤں تلے روندنے سے علاقے میں احساس محرومی بڑھ سکتی ہے ۔
انہوں نے بیان کیا : جو کسی بھی عالمی اہمیت کے منصوبہ کی افادیت کو مشکوک کرنے کے ساتھ محکموں کے بے بسی ظاہر کرتی ہے جس کا فائدہ دہشت گرد گروہوں کا حاصل ہوگا جو ماضی میں ٹارگٹ کلنگ اور مسافروں کو تنگ کرتے آئے ہیں ۔ قائمہ کمیٹی برائے صحت و تعلیم کے وضع کردہ فارمولوں کو یکسر نظر انداز کرنے سے اسمبلی کی وقعت بھی متاثر ہوگی جو اچھا پیغام نہیں ہے ۔/۹۸۹/ف۹۴۰/