رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو ارسال کردہ خط میں ، نئے سال کی ابتداء ہی میں ملکی پیداوار میں سرعت اور روزگار کے مواقع میں اضافے کا پروگرام بنائے جانے کی خبر دی ۔
انہوں نے تحریر کیا: بلاشبہہ رہبرانقلاب اسلامی کی حمایت جو اسلامی نظام کی تمام قوتوں اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کا ستون ہے، حکومت کے اقتصادی اداروں کے لئے ایک گرانقدر سرمایہ بھی ہے تاکہ وہ اس کے ذریعے اپنی کوششیں اور تیز کرسکیں اور ملکی پیداوار میں حاصل شدہ ترقی کو پائیدار بناسکیں ۔
صدر روحانی کہا: رہبر انقلاب اسلامی کی حمایت کی بدولت روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے کے لیے مزید تحرک پیدا ہوگا اور اقتصادی ادارے کام کی تلاش میں سرگرداں نوجوانوں کو روزگار سے لگا سکیں گے ۔
انہوں نے کہا : مجھے یقین ہے کہ استقامتی معیشت کی پالیسیوں پر حکومت کا جو اعتقاد ہے اس کی بدولت وہ ملکی پیداوار میں شاندار اضافے کے باوجود جو کمی رہ گئی ہے اس کو بھی پورا کرے گی اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کر کے اسلامی جمہوری نظام کے باعث افتخار کارناموں میں مزید درخشاں باب کا اضافہ کرے گی ۔
واضح رہے کہ رہبرانقلاب اسلامی نے پیر کو اپنے پیغام نوروز میں نئے ہجری شمسی سال کو استقامتی اقتصاد پیداوار اور روزگار کا نام دیا ہے۔
آپ نے اس پیغام میں فرمایا تھا کہ صرف استقامتی معیشت کے نام پر توجہ دینا ہی کافی نہیں ہے بلکہ ملکی پیداوار اور روزگارکے مواقع میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جانا چاہئے ۔/۹۸۸/ ن۹۳۰/ ک۳۵۶