رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دیگر ملکوں کے ساتھ فوجی اور دفاعی تعاون سے متعلق کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ میں روسی اسلحے اور ٹیکنالوجی کی افادیت اور کارکردگی پوری طرح ثابت ہو گئی ہے۔
انہوں نے دہشت گردوں کے کیمیائی ہتھیاروں کو ناکارہ بنانے نیز پالمیرا اور حلب میں بارودی سرنگوں کی صفائی میں روسی فوج کے کردار کی بھی تعریف کی۔
مذکورہ دونوں شہروں کو کچھ عرصہ قبل شامی فوج نے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا ہے۔
روسی صدر نے ملکی اداروں پر زور دیا کہ وہ فوجی ٹریننگ کے معیار کو بڑھانے کے لئے جدید منطقی طریقے اپنائیں۔
صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روسی ساز و سامان کے خریدار مستقل ہیں اور دنیا کے باون ممالک کو روسی ہتھیار برآمد کیے جا رہے ہیں۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ روس کے دفاعی سودوں کی مالیت پچاس ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/