![حجت الاسلام سید مبارک موسوی](/Original/1396/01/03/IMG20443300.jpg)
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام مبارک موسوی کا کہنا تھا کہ 23 مارچ ملکی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جس دن پوری دنیا میں ہمیں اپنی شناخت ملی۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ کتنی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کے بعد یہ مملکت خداداد پاکستان ہمیں اللہ نے دی، آج پاکستان کی سالمیت و بقا کیلئے پھر سے ہمیں متحد ہوکر دشمنوں کیخلاف میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا : قیام پاکستان کے مخالف گروہ ایک دفعہ پھر سے ملکی سلامتی کیخلاف دشمن کے آلہ کار بن چکے ہیں، ہمیں اپنی ناقص پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے تانے بانے امریکہ، انڈیا اور اسرائیلی ایجنسیوں سے ملتے ہیں، آج دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی حکمران مصلحت پسندی کا شکار ہے، دہشتگردوں کے سہولت کار اور سیاسی سرپرست اب بھی آزاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ملک سے دہشتگردی کرپشن اور ناانصافی کے خاتمے کیلئے ہر پاکستان کو انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں تاکہ دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں مل سکیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/