![صاحبزادہ حامد رضا](/Original/1396/01/04/IMG19441916.jpg)
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انجمن طلباء اسلام صوبہ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اکرم رضوی کی قیادت میں وفد نے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک و قوم کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس وفد میں طیب شیخ، اشتیاق بھٹی، ملک خرم شہزاد، چودھری ابرار احمد بابر، حافظ اسد علی، ملک زبیر مصطفائی بھی شامل تھے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے اے ٹی آئی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو ایک فاشسٹ تنظیم نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ جامعہ پنجاب کو غنڈہ عناصر سے پاک کیا جائے، اسلامی جمعیت طلبہ کے شرپسند عناصر نے پختون کلچرل ڈے پر حملہ کرکے غنڈہ گردی کی بد ترین مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے بیان کیا : پنجاب یونیورسٹی کے فسادی عناصر کا علاج صرف آپریشن ردّالفساد ہے، پنجاب یونیورسٹی کو مخصوص نظریے کی حامل طلبہ تنظیم نے ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے، حملہ آور تنظیم کے ڈنڈے انہی سیاسی مداریوں سے ملتے ہیں جو پاک فوج کے شہیدوں کو شہید ماننے سے انکار کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے تعلیمی ادارے علم کا نور بانٹنے کیلئے قائم کیے گئے ہیں، یونیورسٹیوں میں طلباء کا بھیس بدلے انتہا پسند عناصر کیخلاف بھرپور ایکشن لینے کی ضرورت ہے، معصوم طلباء کو مفادات کیلئے استعمال کرنیوالی نام نہاد مذہبی سیاسی جماعت کو بے نقاب ہونا چاہیے۔
پاک افواج اور نظریہ پاکستان کی مخالف انتہا پسند تنظیم کا پنجاب یونیورسٹی میں دن دہاڑے حملہ آور ہونا لمحہ فکریہ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ محب وطن اور علم دوست قوتیں تعلیمی اداروں میں بھی خود کو منظم کریں اور طلباء سیاست کے نام پر غنڈہ گردی کرنے والوں کو ہر فورم پر ناکام بنایا جائے، پنجاب یونیورسٹی میں آپریشن کلین اپ کیا جائے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/