رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک لبیک یارسول اللہ(ص) اور تحریک صراط مستقیم پاکستان کے زیراہتمام ریلوے گریفن گراؤنڈ مغلپورہ لاہور میں "اسلام زندہ باد کانفرنس" اور "عقیدہ توحید سیمینار" کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں بیرون ممالک سے آئے ہوئے وفود کے علاوہ آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت، بلتستان اور پنجاب بھر سے آئے ہوئے فرزندان اسلام اور عاشقان رسول، ہزاروں علماء و مشائخ اور سنی تنظیمات کے قائدین نے شرکت کی۔ کانفرنس میں ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے مقالہ پیش کیا۔ کانفرنس کا 30 نکاتی اعلامیہ پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا آج فرزندان اسلام پوری دنیا پر فکر مدینہ کا پرچم لہرانے کیلئے میدان میں اتر آئے ہیں، 2017 کا سال ان شاءاللہ تعالیٰ غلبہ اسلام کا سال ہوگا، آنیوالے الیکشن میں اہلسنت اپنی اکثریت کا لوہا منوائیں گے، اب دنیا کی کوئی طاقت پاکستان میں نظام مصطفیٰ (ص) کا راستہ نہیں روک سکتی، امریکہ یاد رکھے پاکستان امریکہ کی کالونی نہیں بلکہ آزاد مسلمانوں کا آزاد ملک ہے، دو قومی نظریے کیخلاف نواز شریف کی ہولی میں کی گئی تقریر کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہم نظریہ پاکستان کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی نصاب سے اسلامی روح نکالنے والوں کو اس ملک سے نکال دیں گے، مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی دنیا کی سب سے بڑی دہشگردی ہے گستاخ بلاگرز کا پوری دنیا میں تعاقب کریں گے 295C میں تبدیلی کا سوچا گیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، قادیانیوں کے بارے میں آئین کی شقیں قرآن و سنت کی تعلیمات کا حصہ ہیں ہم انہیں ہرگز ختم نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، برما، شام، عراق، کشمیر، فلسطین اور دیگر علاقوں میں مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ اندھی، بہری، گونگی اور سلامتی کونسل اپنی افادیت کھو چکی ہے، مسلم ممالک کی علیحدہ سلامتی کونسل، معاشی منڈی اور مشترکہ فوج تشکیل دینا ناگزیر ہو چکا ہے، برما میں مسلمانوں کی قتل و غارت اور نسل کشی کے ذمہ دار تھین سین اور آشن وراتھو پر جنگی مجرم کا مقدمہ چلا کر انہیں پھانسی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ برما کے مسلمانوں کی حمایت کیلئے جہاد فرض ہو چکا ہے حکومت فوری طور برما سے سفارتی تعلقات ختم کر کے وہاں پاکستان آرمی کو بھیجے بصورت دیگر تحریک لبیک یا رسول اللہ(ص) کو برما میں جہاد کیلئے رضاکار بھرتی کرنے اور انہیں ٹریننگ دینے کی اجازت دے، ملک شام میں تباہی اور قتل و غارت کے تمام ذمہ داروں پر جنگی مجرم کا کیس چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برما، شام اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کیلئے ہم نے صراط مستقیم ویلفئیر ٹرسٹ کی طرف سے فنڈ قائم کر دیا ہے جس سے ان علاقوں میں کمبل اور غذائی اشیاء پہنچائی جائیں گی۔ اتحاد اہلسنت کیلئے میاں ولید احمد شرقپوری کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے تحریک لبیک یا رسول اللہ(ص) اور تحریک صراط مستقیم کے زیراہتمام انشاءاللہ تعالی ہر ضلع میں اسلام زندہ باد کانفرنسز اور عقیدہ توحید سیمینارز کا انعقاد ہوگا، 7 اکتوبر کو لاہور میں بعد از نماز مغرب لبیک یا رسول اللہ(ص) کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔
سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا گستاخ بلاگرز کو نظر انداز کرنا حکو مت کو مہنگا پڑے گا، چند ڈالروں کے عوض اہل ایمان کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے قہر خداوندی سے بچ نہیں سکتے، عشاقان رسول گستاخوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیں گے، دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو گرفت میں لائے بغیر آپریشن ردالفساد کے اصل اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ میاں ولید شرقپوری نے کہا صوفیاء کے ماننے والے ہی پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں، ماضی کی سستیوں کا ازالہ کرنے کیلئے اہلسنت کو اکٹھا ہونا ہوگا، الیکشن 2018 میں جلد قوم کو خوشخبری دیں گے، آج ملک بنانے والوں کی اولادیں ملک بچانے کیلئے میدان عمل میں ہیں۔ نویدالحسن مشہدی نے کہا پوری دنیا میں اسلام پر ہونے والے حملوں کا جواب دینے کیلئے تحریک عظمت اسلام چلائیں گے، عریانی، فحاشی نے نوجوان نسل کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ہے، نسل نو کی تربیت کرنا علماء مشائخ کی اہم ذمہ داری ہے، مفتی محب اللہ نوری نے کہا مصلحتوں کا شکار حکمران دہشتگردی کا خاتمہ نہیں کر سکتے، افواج پاکستان سمیت تمام ملکی سلامتی کے اداروں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ علامہ عبدالستار سعیدی نے کہا اسلام زندہ باد کانفرنس کے دُور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ مفتی اعظم بلوچستان مفتی حبیب احمد نقشبندی نے کہا حکمران عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، دین دشمن قوتوں کو اتحاد اہلسنت کے ذریعے شکست دیں گے، ذاتی جاگیر سمجھ کر ملک لوٹنے والوں کا جلد عوامی طاقت سے احتساب کریں گے۔
تحریک لبیک یا رسول اللہ(ص) اور تحریک صراط مستقیم مرکز اور آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے قائدین کے علاوہ پاکستان سنی تحریک، مرکزی جماعت اہلسنت، جماعت اہلسنت، جمعیت علماء پاکستان، پاکستان فلاح پارٹی، تنظیم المدارس پاکستان، جماعت رضائے مصطفیٰ، شیران اسلام، تحفظ ناموس رسالت محاذ، انجمن طلباء اسلام، حلقہ سیفیہ پاکستان، الغالبون، انجمن جلالیہ رضویہ پاکستان، تحریک علماء اہلسنت، تحریک مطالعہ قرآن اور دیگر تنظیمات کے قائدین نے شرکت کی۔ کانفرنس سے جماعت رضائے مصطفےٰ پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ داؤد رضوی، شباب امت پاکستان کے سربراہ محمد غفران محمود سیالوی، تحریک لبیک یارسول اللہ(ص) کراچی کے رہنما علامہ مرتضی نورانی، تحریک صراط مستقیم آزاد کشمیر کے مرکزی امیر ڈاکٹر محمد عبدالقدوس، تحریک لبیک یارسول اللہ(ص) خیبرپختونخوا کے رہنما پیر ظفر علی شاہ بنوری، تحریک لبیک یارسول اللہ (ص) بلوچستان کے رہنما مولانا محمد عبدالرزاق، تحریک لبیک یارسول اللہ(ص) پنجاب کے رہنما میاں محمد تنویر نقشبندی، پیر سید محمد خرم ریاض شاہ رضوی، علامہ محمد عبد الرشید اویسی نے بھی خطاب کیا۔/۹۸۸/ ن۹۴۰