02 April 2017 - 14:54
News ID: 427256
فونت
میاں مقصود احمد:
شجاع آباد میں استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پنجاب کے امیر کا کہنا تھا کہ ایک طرف ملک میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ردالفساد جاری ہے تو دوسری طرف سانحہ پارہ چنار کا ہونا تشویش ناک اور لمحہ فکریہ ہے۔
میاں مقصود احمد

رسا نیوز ایجسی کی رپورٹ کے مطابق، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ پارہ چنار کار بم دھماکہ ملک دشمن بیرونی قوتوں کی کارستانی ہے۔ نہتے اور بے گناہ افراد کی جانوں سے کھیلنے والے ظالم کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشتگردی کے واقعات قومی عزم کو متزلزل کرنے کی گہری سازش ہیں۔

پارہ چنار دھماکے میں زخمی ہونے والوں کے علاج معالجے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کی خاطرخواہ مالی امداد کی جائے۔ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے انسانیت کے کھلم کھلا دشمن ہیں۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیچھے ''را''، موساد اور سی آئی اے کا گٹھ جوڑ معلوم ہوتا ہے۔ اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف فی الفور کاروائی کی جانی چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجاع آباد میں عوامی استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چودھری عزیر لطیف، میاں منیر احمد بودلہ، پیر طاہر عزیز بودلہ، حامد بودلہ، بابر درانی نے بھی خطاب کیا جبکہ خورشید خان کانجو، رائو محمد ظفر، کنور محمد صدیق، مولانا عبدالرزاق، مولانا انعام ودیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک سازش کے تحت پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ صرف تین ماہ کے دوران ملک میں دہشت گردی کے متعدد واقعات میں سینکڑوں قیمتی جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں۔ دہشتگردی کے مسلسل واقعات کا ہونا، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ ایک طرف ملک میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ردالفساد جاری ہے تو دوسری طرف سانحہ پارہ چنار کا ہونا تشویش ناک اور لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام ایمانداری سے نہیں کریں گے، دہشتگردی کی عفریت سے چھٹکارہ حاصل کرنا ممکن نہیں۔ /۹۸۹/ ف۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬