رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر حجت الاسلام سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ مرجعیت اور رہبریت نے امریکہ اور اس کی اتحادی دہشتگرد تنظیموں کو شام اور عراق سے بھاگنے پر مجبور کر دیا ہے، اسلام کے نگہبان فقہا اور مراجع عظام کے فتاویٰ کی وجہ سے انشاءاللہ بہت جلد دم توڑتی عالمی دہشتگردی بھی ختم ہو جائے گی۔
لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ عالمی استعمار نے مسلمانوں کے درمیان فروعی تفریق کو ہوا دینے اور دہشتگردی کے ذریعے اسلام کو بدنام کرنے کیلئے مختلف اوقات میں مختلف دہشتگرد گروہ پیدا کئے جن سے کبھی افغانستان، کبھی شام، عراق اور کبھی پاکستان میں کرائے کے قاتل کے طور پر کام لیا، ان سب کی فکر ایک ہی ہے، ان کے سرپرست، سرغنے مائنڈ سیٹ اور فسادی مراکز کے بارے میں ریاستی ادارے جانتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اسلام کی صحیح تعبیر کو سمجھیں، اسے اختیار کریں اور علما کی رہنما حاصل کریں، ورنہ سانحہ سرگودھا دربار جیسے واقعات جنم لیتے رہیں گے۔
حجت الاسلام سبطین سبزواری نے کہا کہ سرگودھا ہو یا کوئی اور جگہ کہیں بھی اولیاءاللہ کے نام پر ہونیوالی خود ساختہ خرافات خود شریعت کا پیغام دینے والے ان بزرگوں کیساتھ زیادتی اور انہیں بدنام کرنے کی سازش ہے، علما کو ان کی تربیت کا فریضہ سرانجام دینا چاہیے کہ قرآن کی تعلیمات اور اہلبیتؑ کی سیرت پر عملدرآمد سے ہی ایسے اقدامات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، جوکہ افسوسناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ شیعہ علما کونسل کی صوبائی کونسل کے اجلاس کی تاریخ کا آئندہ چند روز میں اعلان کر دیا جائے گا، جس کیلئے ہوم ورک جاری ہے اور علامہ ساجد نقوی کی طرف سے اجازت کا انتظار ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰