رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان نے فلسطینیوں کے 69 ویں یوم نکبہ کی مناسبت سے ہفتہ بھر کی مہم کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پی ایل ایف کے رہنماؤں نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پی ایل ایف کے مرکزی سرپرست رہنماﺅں بشمول سابق رکن قومی اسمبلی و رہنماء جماعت اسلامی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کراچی کے صدرعلامہ قاضی احمد نورانی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پیرزادہ ازہرعلی شاہ ہمدانی، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء مولانا باقر عباس زیدی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء فیصل شیخ، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما یونس بونیری، آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری اور فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم موجود تھے۔
رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 48ء سرزمین مقدس فلسطین پر قائم ہونے والی ناجائز جعلی اسرائیلی ریاست کے قیام کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، کانفرنسز، سیمینارز اور امن واک کا اہتمام کیا جائے گا، اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران سے اظہار یکجہتی کے لئے 10 مئی کو کراچی پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جائے گا، ملک بھر میں کام کرنے والی طلباء تنظیموں اور یوتھ این جی اوز کا مشترکہ اجلاس گیارہ مئی کو منعقد ہوگا۔
رہنماؤں نے کہا کہ 12 مئی کو لاہور میں داتا گنج بخش کے مزار کے سامنے بعد نماز جمعہ اسرائیل مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، 13 مئی کو زینب مارکیٹ تا کراچی پریس کلب تک امن واک بعنوان ریٹرن ٹو فلسطین نکالی جائے گی، جس میں ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، سول سوسائٹی اور یوتھ این جی اوز کے نمائندے شرکت کریں گے۔
14 مئی کو ملتان اور حیدرآباد میں فلسطینیوں کے حق میں اسرائیلی غاصب ریاست کے قیام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جبکہ 17 مئی کو اسلام آباد میں اسلامک یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ رہنماؤں کہا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد دنیا پر واضح کرنا ہے کہ پاکستان کے عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب اور جعلی ریاست ہے، جس کا وجود نہ صرف فلسطین بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے سنگین خطرہ ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/