رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
دہشتگردوں کی جانب سے سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کا مقصد ملک میں انارکی اور انتشار پھیلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے ناپاک عزائم کیخلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی، حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں اور اس کیلئے دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں، ملک و قوم کو متحد ہوکر تمام سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، بھارت، اسرائیل اور امریکہ پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور سلامتی کیخلاف آپس میں گٹھ جوڑ کر چکی ہیں۔
میاں مقصود نے کہا ہے کہ ایک طرف مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کی ہوئی ہے تو دوسری جانب گرمی بڑھتے ہی غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ نے جینا محال کر دیا ہے، اس وقت شہروں میں 12 سے 14 اور دیہات میں 18 سے 20 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/