25 May 2017 - 11:37
News ID: 428224
فونت
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر :
ملی یکجہتی کونسل کے صدر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں ان کو ملکی مفاد عزیز نہیں ہے۔ وزیراعظم سعودی احسان کا بدلہ چکانا چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ملی یکجہتی کونسل کے صدر اور جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ پوری قوم متفق ہے کہ پاکستانی قوم کی تذلیل کی گئی ہے، یہ فقط ہمارے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی نہیں بلکہ پوری قوم کی تذلیل ہے۔

انہوں نے بیان کیا : ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں، نہ تقریر کی دعوت دی گئی، نہ خطاب کا موقع دیا گیا، نہ مناسب سیٹ دی گئی، نہ ہی کسی مناسب پروگرام میں بٹھایا گیا، نہ ہی ان کی ملاقات کرائی گئی، نہ ہی پاکستان کی خدمات گنوانا گوارہ کیا گیا، بلکہ ہندوستان کی خدمات کو سراہا گیا۔

ملی یکجہتی کونسل کے صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ کے صدر کے دورہ سعودی عرب سے یہ 100 فیصد واضح ہوگیا ہے کہ یہ امریکی اتحاد ہے، امریکہ اس اتحاد کی سرپرستی کر رہا ہے، سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور امریکی صدر ٹرمپ نے بالکل واضح کر دیا ہے کہ یہ اتحاد ایران کے خلاف ہے، انہوں نے اپنی تقریروں میں ایران کا نام لیا ہے۔

صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں نے واضح کیا تھا کہ سعودی اتحاد ایران کے خلاف نہیں ہے، اگر ہوا تو ہم اس اتحاد میں شامل نہیں ہوں گے، میرے خیال میں تویہ اتحاد ہے ہی ایران کے خلاف اور اس اتحاد میں شامل ہو کر پاکستان اپنے اسلامی بھائی کو اپنے سے دور کر رہا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی : پہلے ہی افغانستان کو دشمن بنا چکے ہیں، ہندوستان سے تعلقات اچھے نہیں اور اب آپ تیسرے ہمسایہ ملک کو بھی دشمن بنانا چاہتے ہیں اور پاکستان کے حکمران اپنی سرحدوں کو غیر محفوظ بنا کر کہاں کی عقل مندی کر رہے ہیں۔ امریکی جنگ میں شامل ہوکر اب تک اس کی سزا بھگت رہے ہیں، اب نئے محاذ کی طرف جا رہے ہیں اور اس جنگ میں شامل ہوکر بچا کچھا پاکستان برباد کرنا چاہتے ہیں ۔

صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں ان کو ملکی مفاد عزیز نہیں ہے۔ وزیراعظم سعودی احسان کا بدلہ چکانا چاہتے ہیں ۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬