15 June 2017 - 16:32
News ID: 428556
فونت
متحدہ طلبہ محاذ پاکستان :
القدس کانفرنس کے شرکا نے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں حماس، حزب اللہ، جہاد اسلامی اور پاپولر فرنٹ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔
القدس کانفرنس

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ طلبہ محاذ پاکستان کے تحت لاہور کے نجی ہوٹل میں آزادی قدس طلبہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں فلسطینی طلبہ سمیت ملکی سیاسی، مذہبی لسانی طلبہ تنظیموں کے رہنماؤں سمیت سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ عالمی سامراجی قوتیں مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کیلئے مسلم دنیا کو دہشتگردی سمیت معاشی مسائل میں الجھا رہی ہیں تاکہ اسرائیل کو تحفظ فراہم ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین صرف عرب دنیا کا ہی نہیں بلکہ پوری مسلم اُمہ اور انسانیت کا اولین مسئلہ ہے اور اس کے منصفانہ حل کے بغیر خطے سمیت عالمی امن قائم نہیں ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں قبلہ اول پر صہیونی غاصبانہ تسلط کا خاتمہ صرف اور صرف مسلمانوں کے اتحاد سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مظلوم فلسطینیوں پر صہیونی مظالم کے نہ رکنے والے ستر سالہ سلسلہ کی بھی شدید مذمت کی۔

لاہور میں منعقد آزادی قدس کانفرنس سے معروف سیاسی، مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ پی ٹی آئی سے اعجاز چودھری، تحریک منہاج القرآن سے خرم نواز گنڈا پور، پیپلز پارٹی سے عزیز الرحمان چن، مسلم لیگ (ق) سے کامل علی آغا اور مجلس وحدت مسلمین سے حجت الاسلام امین شہیدی نے خطاب کیا۔

خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اسرائیل کے ناپاک عزائم ناکام ہو رہے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم دنیا متحد ہو جائے اور فلسطین کی آزادی کے لئے مشترکہ جدوجہد پر توجہ مرکوز کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پوری انسانیت کا دشمن ہے اور دنیا بھر سے اسلامی مقدسات کا خاتمہ چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج فلسطین جل رہا ہے اور قبلہ اول بیت المقدس صیہونی شکنجہ میں ہے۔ آئی ایس او کے مرکزی صدر سرفراز نقوی نے مسئلہ فلسطین کو امت مسلمہ میں اتحاد کا وسیلہ قرار دیا اور کہا کہ یہی وجہ ہے کہ عالمی استکبار اور بین الاقوامی صیہونزم اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ مسئلہ، عالم اسلام کی ترجیحات سے ختم ہو جائے۔

پی ٹی آئی کے رہنماء اعجاز چودھری نے کہا کہ مسئلہ فلسطین عمومی طور پر انسانیت کیلئے اور خاص طور پر عالم اسلام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہ مسلمانوں کے ایمان کا مسئلہ ہے، القدس کی آزادی ہر مسلمان کا دینی و ایمانی فریضہ ہے، بیت القدس سمیت مقبوضہ فلسطین کی آزادی کیلئے عالم اسلام کو متحد کرکے بھرپور جہاد ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے اور اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے دنیا بھر میں دہشتگردی کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، مسلمان حکمران قبلہ اول کی بازیابی کیلئے عملی جدوجہد کریں۔

مقررین نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ماہ رمضان المبارک کے آخری جمع الوداع کو عالمی یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائے گا، اس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور عوام بھرپور انداز میں شرکت کرکے مظلوم فلسیطنیوں سے یکجہتی اور صہیونی اسرائیل سے نفرت کا اظہار کریں اور عالمی سطح پر واضح پیغام دیں کہ فلسطین کاز کے حوالے سے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔

القدس کانفرنس کے شرکا نے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں حماس، حزب اللہ، جہاد اسلامی اور پاپولر فرنٹ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور اپیل کی کہ پاکستان کے عوام رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس بھرپور انداز میں منائیں۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ طور پر قراردادیں منظور کی گئیں جس میں فلسطینیوں کی حمایت اور جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬