رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی تیسری برسی کے موقع پر شہراعتکاف میں قرآن خوانی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن حکمرانوں کے ذمے عوام کے جان و مال کی حفاظت تھی وہ قاتل اور ڈاکو بن گئے۔
انہوں نے وضاحت کی : دہشتگرد گروپوں نے ہزاروں جانیں لے لیں کسی کو پرواہ نہیں، کیونکہ دہشتگردوں کے سپورٹرز ایوانوں میں بیٹھے ہیں، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے خون سے وفاداری ہمارے ایمان کا حصہ ہے، آخری سانس تک قصاص مانگتے رہیں گے، قاتل ٹولے کو ڈھیل ملی ہوئی ہے ان کی پکڑ ضرور ہوگی۔
انہوں نے کہا : ہم جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں یہ کمیشن وزیراعلیٰ پنجاب نے خود بنایا تھا اور اس کی رپورٹ کو پبلک کرنے کا قوم سے وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک کے کارکنوں کی یہ قربانیاں ظالم نظام کے خاتمے کیلئے ہیں یہ خون ضائع نہیں جائے گا۔
دوسری طرف اس سے قبل پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء لطیف کھوسہ اور سینئر قانون دان احمد رضا قصوری نے شہر اعتکاف میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے عوامی تحریک کے موقف کی حمایت کی اور کہا کہ یہ ظلم ہے اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔
قرآن خوانی کی تقریب میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے ہزاروں معتکفین شریک ہوئے، اس موقع پر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء بھی شریک تھے۔ فاتحہ خوانی میں ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نواز گنڈا پور، حماد مصطفیٰ، فیاض وڑائچ، میاں زاہد اسلام، احمد نواز انجم، رفیق نجم، جی ایم ملک، سردار شاکر مزاری، ساجد بھٹی سمیت بڑی تعداد میں عہدے دار اور کارکنان شریک تھے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/