
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم نے لیبر اسکوائر غربی میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا شاندار مستقبل اسلام اور دینی قوتوں کے ساتھ وابستہ ہے، جس طرح پاکستانی بلے بازون نے بھارت کیخلاف شاندار کامیابی حاصل کرکے تمام تجزیہ غلط ثابت کردیئے، اسی طرح ملک میں مثبت تبدیلی اور اسلامی انقلاب برپا ہوکر رہے گا، سیکولر قوتوں کو شکست اور دینی جماعتوں کے حوالے سے تمام تجزیے غلط ثابت ہونگے۔
راشد نسیم نے مزید کہا کہ گذشتہ 70 سالوں سے ملک پر مسلط سیکولر و لادین ٹولے نے ملکی دولت کی لوٹ مار کی ہے، پانامہ لیکس، ڈان لیکس سے لیکر قرضے معاف کرانے والوں کی فہرست میں کسی بھی دینی پارٹی کے فرد کا نام نہیں ہے، دینی جماعتوں نے ہمیشہ منبر و محراب سے لیکر فلاحی اداروں تک قوم کی خدمت اور ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی ہے، جبکہ دوسری جانب دور جدید کے سب سے زیادہ پڑھے لکھے سیاستدانوں نے قومی خزانے کی لوٹ مار اور مالی و اخلاقی کرپشن میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پانامہ لیکس سے دستی لیکس تک اس کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن و کرپٹ قیادت اور اسلامی پاکستان ہی تمام مسائل کا حل اور ملکی سالمیت کا ضامن ہے، ملک میں مثبت تبدیلی کے لئے انفرادی و اجتماعی اور اسلامی حکومت کے قیام کے لئے جدوجہد کرنا ہی رمضان کا پیغام ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰