09 July 2017 - 23:37
News ID: 428933
فونت
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے عراقی شہر موصل کی مکمل آزادی پر عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی اور نامور عالم دین آیت اللہ سیستانی کو مبارکباد پیش کی۔
علی شمخانی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے عراقی شہر موصل کی مکمل آزادی پر عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی اور نامور عالم دین آیت اللہ سیستانی کو مبارکباد پیش کی۔

تفصیلات کے مطابق، ایڈمیرل علی شمخانی نے اتوار کے روز حضرت آیت اللہ سید علی سیستانی اور عراقی وزیراعظم کے نام اپنے خصوصی پیغامات میں مزید کہا کہ مذہبی رہنماؤں کی ہدایت، حکومت کی تعمیری حکمت عملی، مسلح افواج اور عوامی رضاکارانہ فورسز کی بہادری کے ذریعے موصل کو آزادی مل گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یقینا موصل کی مکمل آزادی میں عراقی مسلح افواج کی قربانی، حکومت کے مضبوط عزم، عوامی رضاکارانہ فورس (الحشد الشعبی) کی بہادری بالخصوص مذہبی رہنماؤں کی اخلاقی اور روحانی حمایت کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

ایڈمیرل شمخانی نے بتایا کہ موصل میں داعش کے درندہ اور سفاک دہشتگردوں کی سنگین شکست کے بعد ایک بار پھر یہ بات ثابت ہوگئی کہ عراق کی قومی صلاحیت اور قابلیت کے ذریعے سے ہی موصل کی آزادی اور دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف عراق کی تاریخی فتح کے باجود خطے میں اب بھی دہشتگردی اور انتہاپسندی کی سوچ عروج پر ہے لہذا اس لعنت کے خاتمے کے لئے باہمی مشاورت کے فروغ اور ثقافتی جنگ کا راستہ اپنانا ہوگا۔

ایڈمیرل شمخانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی قوم، حکومت اور بہادر مسلح افواج کی جانب سے ماضی کی طرح عراقی قوم اور حکومت کی بھرپور حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا اور عراق کی تعمیرنو، جنگ کے متاثرین کو امداد کی فراہمی اور ملک کی ترقیاتی منصوبوں کو چلانے کے لئے ہم کسی بھی طرح کے تعاون سے دریغ نہیں کریں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬