رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کوئٹہ ٹاؤن میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر راؤ انوار کا کہنا ہے کہ کوئٹہ ٹاؤن میں کالعدم انصارالشریعہ کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا تاہم دہشت گردوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔
جوابی فائرنگ میں ۴ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ علاقے میں ممکنہ طور پر دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر پولیس نے پورے علاقے کا محاصرہ کررکھا ہے اور گھر تلاشی کا عمل جاری ہے۔
راؤ انوار کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات سے ہے، مارے گئے دہشت گرد پاکستان کے فوجی افسران اور ملالہ یوسف زئی پر حملوں پر ملوث تھے، مقابلے میں مولوی فضل اللہ کا کزن خورشید بھی مارا گیا ہے، دہشتگرد خورشید قائد آباد پولیس پر بم حملے میں بھی ملوث تھا۔
دوسری جانب پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں پنجگور کے علاقے شنگر میں شرپسند عناصر کی جانب سے فرنٹیر کور کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ۳ اہلکار جاں بحق اور ۳ زخمی ہو گئے، حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
فائرنگ کے بعد شرپسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے پنجگور میں سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/