رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی تحریک شعبہ اطفال کے زیراہتمام میانمار کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔ ننھے بچوں نے میانمار کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں مظاہرے کے دوران پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر میانمار کے مظلوم روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر میانمار حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
مظاہرے کی قیادت کرنے والے رکن رابطہ کمیٹی شیخ نواز قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کا میانمار کے انسانی المیہ پر خاموش تماشائی بننا افسوسناک ہے، روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر انسانی حقوق کے عالمی ٹھیکیدار کیوں خاموش ہیں؟
پاکستانی حکومت مظلوم روہنگیا بچوں اور مسلمانوں کے حق میں سفارتی مہم چلائے، برما کی حکومت کو عالمی دباؤ کے ذریعے روہنگیا مسلمانوں کو شہریت دینے پر مجبور کیا جائے، مسلم ممالک میانمار کے مسلمان مہاجرین کے لئے اپنی سرحدیں کھول دیں۔
انہوں نے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی، مساجد کی بے حرمتی جنگی جرائم ہیں، ایسے اقدامات اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کی صریحاَ خلاف ورزی ہیں۔
شیخ نواز قادری نے کہا کہ عالمی برادری برما میں مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے فوری کردار ادا کرے، اقوام متحدہ روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کے لئے امن فورس میانمار بھیجے، مسلم حکمران روہنگیا مسلمانوں کی امداد کے لئے مشترکہ فنڈ قائم کریں۔