30 September 2017 - 18:39
News ID: 430161
فونت
عراقی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور ترکی کے ساتھ ہم آہنگی کے بعد عراقی کردستان کے سرحدی علاقوں کی گذر گاہوں پر کنٹرول اور نگرانی کا کام ہفتے سے شروع ہو گیا۔
عراق و کردستان بارڈر

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج کے تین دستے کردستان کے سرحدی علاقوں کی گذرگاہوں کا کنٹرول سنبھالنے کے لئے ان علاقوں میں روانہ کئے گئے ہیں-

جن گذرگاہوں کو کنٹرول کیا جائے گا ان میں سے ایک ابراہیم خلیل نامی گذرگاہ ہے جو ترکی کی سرحد پر واقع ہے جبکہ حاج عمران اور باشماق دوبین الاقوامی گذرگاہیں ایران اور عراق کی سرحدوں پر واقع ہیں اور ان گذرگاہوں پر بھی ہفتے سے کنٹرول اور نگرانی کا کام شروع ہو گیا ہے-

اس درمیان جمعے کی شام اربیل ہوائی اڈے سے آخری بین الاقوامی پرواز کے انجام پاتے ہی عراقی کردستان کے علاقے کی ہوائی ناکہ بندی باضابطہ طور پر شروع ہو گئی- ساتھ ہی ایران کے محکمہ راہداری اور ٹرانسپورٹ نے اپنے ایک حکمنامے میں کہا ہے کہ عراق کی مرکزی حکومت کی درخواست پر عراقی کردستان کے لئے ایران کی پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات آئندہ اطلاعات تک بند رہیں گی-

ترک وزیراعظم نے بھی کہا ہے کہ عراقی کردستان کے لئے ترکی کی پروازیں غیر معینہ مدت تک کے لئے بند کردی گئی ہیں- ترک وزیراعظم بن علی ییلدریم نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انقرہ نے سرکاری طور پر عراقی کردستان کے لئے سبھی پروازوں کو بند کر دیا ہے-

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عراق کی قومی ایئر لائنس کمپنی کے ساتھ ہونے والے مشترکہ سمجھوتے کی بنیاد پر کیا گیا ہے- ترکی کی وزارت خارجہ نے بھی عراقی کردستان میں علیحدگی کے لئے ہونے والے ریفرنڈم پر اپنے ردعمل میں مذکورہ ریفرنڈم کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے عراقی کردستان میں ترک شہریوں سے کہا ہے کہ وہ جلد سے جلد اس علاقے سے باہر نکل جائیں-

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگرعراقی کردستان کے مقامی حکام اس طرح کی من مانی کرتے رہے تو انقرہ اقتصادی پابندیاں نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ فوجی کارروائی کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا- اردوغان اس سے پہلے ہی ریفرنڈم پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے ترکی میں عراقی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے نمائندے عمرمیرانی کو نکال چکے ہیں-

دوسری جانب لوفتھانزا ہوائی کمپنی نے بھی اعلان کیا ہے کہ عراقی کردستان کی فضائی حدود بند ہوجانے کے باعث اس نے آسٹریا اور یورپ کی دیگر ہوائی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ہفتے اور اتوار کو اربیل کے لئے پروازیں بند کر دی ہیں- /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬