رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ہزارہ قبیلے کے 3 افراد سمیت 5 افراد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں عرصہ دراز سے ملک دشمن عناصر تکفیری دہشتگرد معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے ہوئے ہیں اور یہ تکفیری دہشتگرد جب چاہیں جہاں چاہیں معصوم شہریوں کا قتل کرکے فرار ہو جاتے ہیں اور قانون نافذ کرنیوالے ریاستی ادارے تاحال ہزارہ قبیلے کی ٹارگٹ کلنگ روکنے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے سمیت قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہیں، کوئٹہ اور اس کے نواحی علاقوں میں ایک ماہ کے دوران ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد پر یہ دوسرا حملہ ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے واقعہ کی مذمت اور شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن اور خونی درندے ہیں، یہ ملک دشمن عناصر ملک میں بدامنی کا بازار گرم کرنا چاہتے ہیں جنہیں روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کو مزید تیز کرنا ہوگا۔
حجت الاسلام و المسلمین نقوی نے کہا کہ جدید معلومات کو سامنے رکھتے ہوئے انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے کوئٹہ کے معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلا تفریق تمام مجبوریوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کو کمزور کرنیوالے بے گناہ عوام کے قاتلوں اور دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں اور قاتلوں کو گرفتار کرکے ان کے سہولت کاروں کو بھی تختہ دار پر لٹکایا جائے تاکہ دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو سکے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰