رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق محرم الحرام کے دوران ملتان ریجن میں پولیس انتظامیہ کی جانب سے پُرامن انعقاد پر شیعہ علماء کونسل ملتان ڈویژن کے وفد نے ڈویژنل صدر سید محمد شاہ کی قیادت میں ریجنل پولیس آفیسر ملتان محمد ادریس سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈویژنل جنرل سیکرٹری سید علی قاسم نقوی، جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ سورج میانی ملتان کے مدرس مولانا کاظم نقوی، مولانا حسنین عسکری، محمد یوسف، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے رہنما یاسر علی صدیقی اور میثم رضا موجود تھے۔
وفد نے ریجنل پولیس آفیسر کو محرم الحرام کے دوران بہتر انتظامات پر مبارکباد اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ شیعہ علماء کونسل ملتان کے ڈویژنل صدر سید محمد شاہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس انتظامیہ کے بروقت انتظامات امن و امان برقرار رکھنے میں سنگ میل ثابت ہوئے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں محرم کے دوران جو مقدمات درج کیے گئے ہیں اُن پر نظرثانی کی جائے۔ محرم الحرام کے دوران عزاداران کی جانب سے پولیس انتظامیہ کے ساتھ تعاون قابل تحسین تھا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/