رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے رکن نے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا اہم ترین معاملہ قرار دیا اور کہا کہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس صیہونیوں کے خلاف جدوجہد کی پابند ہے اور تمام تر دباؤ کے باوجود وہ اپنی اس جدوجہد کو جاری رکھے گی۔
ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے رکن علی اکبر ولایتی نے ہفتے کو تہران میں حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری سے ملاقات میں کہا کہ اسرائیلیوں کے پروپیگنڈوں کے باوجود فلسطینی استقامت کے لئے عالم اسلام کی حمایت کی بدولت فلسطینی گروہ طاقتور اور صیہونی کمزور ہو گئے ہیں-
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے رکن نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکا کی موجودہ حکومت کی اہم ترین کوشش صیہونیوں کی پوزیشن کو مضبوط بنانا ہے، کہا کہ حتمی کامیابی فلسطینیوں اور فلسطینی مجاہدین کی ہے-
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے علاقے کے بعض ملکوں کو تقسیم کرنے پر مبنی امریکی اقدامات کو اسرائیل کے نفع میں قرار دیا اور کہا کہ جب امریکا کو اس منصوبے میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ صیہونی حکومت کو بھی براہ راست اور بالواسطہ طور پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے-
حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران فلسطینی استقامتی تحریک کا سب سے بڑا حامی ہے-
انہوں نے کہا کہ حماس کا سیاسی اور آپریشنل موقف واضح ہے اور ملت فلسطین کے دفاع میں وہ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی-
حماس کے رہنما نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت، غاصبوں کے خلاف جدوجہد اور استقامت کا راستہ جاری رکھے گی-
واضح رہے کہ حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری، حماس کے عہدیداروں کے ایک وفد کے ہمراہ تہران کے دورے پر ہیں-/۹۸۸/ ن۹۴۰