رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام وحدت کالونی گراؤنڈ میں "عزم نو کنونشن" کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد اور لاہور کے امیر ذکراللہ مجاہد سمیت کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تحریک انصاف کے جلسوں سے شہرت پانے والے معروف ڈی جے بٹ نے ساؤنڈ سسٹم لگا کر جماعتی ترانوں سے شرکاء کو خوب محضوظ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ لاہور میں این اے 120 میں ہونیوالے ضمنی الیکشن نے ہمیں بیداری کی کال دی ہے، ہم اس الیکشن کے نتائج سے جاگ گئے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ اس الیکشن میں ہمارے ووٹ چوری ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پاکستانی سیاست کو ہمیشہ نظریاتی لوگ دیئے ہیں، میاں محمودالرشید، اعجاز چودھری، وقاص انجم، فرید پراچہ، حافظ سلمان بٹ اور ان جیسے متعدد سیاستدان ملک کی خدمت کر رہے ہیں یہ سب جماعت اسلامی کی پیداوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے، ہم ملک کو کرپشن مافیا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے، ہم پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عزم نوء کنونشن میں خواتین، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سے شرکت کے ثابت کر دیا ہے کہ جماعت اسلامی زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت کیلئے ہم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے اور کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اگر ڈی جے بٹ کو بدل سکتی ہے تو لاہور بھی بدلے گا، ہم ملک میں تاریخی اور انقلابی کردار ادا کر رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی، ہم نظریاتی افراد تیار کرکے وطن کو دے رہے ہیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰