رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہندوستان کی وزیرخارجہ سشما سوراج نے میانمار کے صوبے راخین میں جاری تشدد پرگہری تشویش کا اظہار کیا ۔ سشما سوراج نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ روھینگیا کے عوام کی فلاح و بہبود کو ذہن میں رکھ کر اس مسئلے سے تحمل کے ساتھ نمٹے۔ ہندوستان کی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ معمول کی صورت حال اسی وقت لوٹے گی جب وہاں سے بے دخل ہونے والے افراد واپس لوٹ جائیں۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران میانمار کے صوبے راخین میں جاری وحشیانہ حملوں اور جارحیت کے نتیجے میں لاکھوں روہنگیا مسلمان اپنی جان بچا کر بنگلہ دیش فرار ہو گئے ہیں۔ ادھراقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے خبردار کیا ہے کہ روہنگیا پناہ گزینوں میں ساٹھ فیصد بچے شامل ہیں جنھیں مالی مدد کے بغیر تحفظ فراہم نہیں کیا جاسکتا۔
میانماری فوج اور اس ملک کے انتہا پسند بدھسٹوں کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں جسے اقوام متحدہ نے بھی قومی تطہیر سے تعبیر کیا ہے، چھے ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان جاں بحق اور آٹھ ہزار سے زائد دیگر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ آٹھ لاکھ کے قریب روہنگیا مسلمانوں نے بنگلہ دیش میں پناہ لے رکھی ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰