رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کی فضائی جارحیت بدستور جاری ہے اور سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے دارالحکومت صنعا اور ساحلی شہر حدیدہ کے ایئر پورٹ پر کئی بار بمباری کی ہے۔
دوسری جانب دہشت گرد گروہ داعش سے وابستہ ایک گروہ نے منگل کے روز ساحلی شہر عدن میں ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
گنجان آبادی والے علاقے میں کئے گئے اس خودکش حملے میں چھے افراد مارے گئے ہیں جس کے بعد عام شہریوں میں شدید خوف ہراس پھیل گیا ہے۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی جارحیت کے جواب میں نہم سٹی میں واقع سعودی اتحاد کے ٹھکانوں کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان کے الکرس اور الخشل نامی فوجی ٹھکانوں پر بھی گولہ باری کی ہے۔
نجران کے علاقے میں واقع القفال فوجی چھاؤنی پر بھی یمنی فوج کے حملے میں متعدد سعودی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے عیسر، ضبغہ اور رجلا نامی پہاڑی علاقوں پر بھی گولہ باری کی ہے۔
پچھلے چند ماہ کے دوران یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی جارحیت کے جواب میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر حملے تیز کر دیئے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/