رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکہ کسی کا دوست نہیں۔
انہوں نے وضاحت کی : امریکہ افغانستان میں مسائل میں گھرا ہوا ہے، پاکستان کی کوئی مجبوری نہیں، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان آزاد و خود مختار ملک کی حیثیت سے اپنی آزادانہ خارجہ پالیسی کا اعلان کرے، امریکی ڈومور اور احکامات کو مسترد کر دے۔
انہوں نے کہا کہ بے دین سیاست کا بوریا بستر گول ہوگا، پاکستان میں نظام مصطفے کے لیے دینی قیادت اور جماعتیں اپنا فیصلہ کن کردار ادا کریں گی، پیپلزپارٹی قیادت نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کے بعد اقتدار تو حاصل کرلیا لیکن عوام سے روٹی کپڑا مکان چھین لیا۔ پیپلزپارٹی وڈیروں کی طاقت سے زیادہ دیر عوامی سیاست نہیں چلا سکے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میڈیا سنٹر میں سیکرٹری اطلاعات کنور محمد صدیق سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2018ء کا انتخاب اندرون سندھ پی پی کے اقتدار کے زوال کا انتخاب ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مارشل لاء ادوار میں ملک کو نقصانات کا سامنا رہا، جمہوری ادوار میں عوامی ووٹ حاصل کرنے والی جماعتوں نے اپنی نااہلی، غیرجمہوری رویوں سے جمہوریت، پارلیمانی نظام، قومی وحدت و یکجہتی کو نقصان پہنچایا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/