رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ آرگنائزیشن کے مرکزی صدر فضل حسین اصغری نے المہدی سینٹر جامشورو حیدرآباد سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ انقلاب اسلامی نے اپنی علاقائی طاقت کو محفوظ اور دشمن کو شکست دے کر دہشت گرد گروہ داعش کے حملے اور نفوذ کا راستہ روک دیا ہے۔
انہوں نے کہا: ایران میں مٹھی بھر بلوائیوں ، منافقین اور شر پسند عناصر کی حمایت کرکے امریکہ نے ثابت کردیا ہے کہ وہ خطے میں دہشت گردوں حمایت جاری رکھے ہوئے ہے امریکہ دنیا بھر میں انسانی اور جمہوری قوانین کو بے دردی کے ساتھ پامال کررہا ہے۔ عوام نےانقلاب اسلامی سے محبت اور امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ منافقین اور شرپسندوں کی معاندانہ کوششوں کو ناکام بنادیا ۔ عوام پر اقتصادی دباؤ میں بھی امریکہ کی مجرمانہ کوششیں شامل ہیں۔
اصغری نے یہ بتاتے ہوئے کہ مشرق وسطی میں حالات کی خرابی کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے کہا کہ امریکہ سپر پاور کے زعم میں مبتلا ہے اور اپنی بالادستی پرکوئی آنچ نہیں آنے دینا چاہتا یہی وجہ ہے امریکہ ہر اس ملک کے ساتھ بدمعاشی پر اتر آتا ہے جواس کے تسلط کو قبول نہیں کرتا۔
انہوں نے اہلبیت اطہار علیھم السلام کی پیروی کو انقلاب اسلامی کی طاقت کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مدافع حرم کے جوانوں نے اہلبیت اطہار علیھم السلام کی پیروی کرتے ہوئے، داعش دہشت گرد گروہ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰