رسا نیوز ایجنسی کی ہندوستانی ذرائع سے رپورٹ کے مطابق،ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان سائبر سکیورٹی، سائنس و ٹیکنا لوجی، ایئر ٹرانسپورٹ، فلم پروڈکشن، تیل اور گیس سمیت 9 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دوروز قبل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو 130 رکنی وفد کے ہمراہ 6 روزہ دورے پر ہندوستان پہنچے۔ نیتن یاہوکے دورہ ہندوستان کو تاریخی دورہ قرار دیا جارہا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دفاع کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
دورے میں ان دونوں ممالک کے درمیان سائبر سکیورٹی، سائنس اور ٹیکنالوجی، ایئر ٹرانسپورٹ، فلم پروڈکشن، تیل اور گیس، سولر تھرمل انرجی، خلائی ٹیکنالوجی اور ہومیوپیتھک ادویہ سازی کے 9 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ اسرائیلی وزیر اعظم اپنے حالیہ دورے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کا دورہ بھی کریں گے، وہ اس کے علاوہ ممبئی، حیدرآباد دکن اور آگرہ بھی جائیں گے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا پہلا دورہ ہندوستان ہے، اس سے قبل گزشتہ برس ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔ اسرائيل کے دورہ ہندوستان کے خلاف عوامی مظاہرے بھی ہوئے ہندوستان کے کئی شہروں میں اسرائیل کے پرچم اور اسرائیلی وزیر اظم کے پتلے کو نذر آتش کیا گيا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰