10 March 2018 - 11:04
News ID: 435302
فونت
ہندوستان میں حکومت کے تین طلاق بل کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس حوالے سے کل بھی مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
مسلم خواتین

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، احمد آباد کے جوہاپورا علاقے میں انہد نامی این جی او کی جانب سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی حکومت کے تین طلاق کے بل کی مخالفت کی گئی ۔ احمد آباد کے جوہاپورا علاقے میں ہونے والے پروگرام میں بڑی تعداد میں مسلم خواتین نے شرکت کی ۔ جس کے بعد ایک ریلی جوہاپورا سے وشالا سرکل تک نکالی گئی۔ ریلی میں مسلم عورتوں نے ہاتھ میں بینر اور پوسٹر لے کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

اس سلسلہ میں انہد این جی او کے گجرات انچارج دیو دیسائی نے کہا کہ مرکزی حکومت تین طلاق بل لاکر مسلم خواتین کی ہمدرد ہونے کا دعوی کر رہی ہے جبکہ مسلم خواتین کے دیگر کئی مسائل ہیں جس کی طرف حکومت کو توجہ دینا چاہئے ۔

دوسری جانب انڈین یونین مسلم لیگ کی خواتین ونگ کی قومی صدر تشریف جہاں کی قیادت میں پارٹی کی خواتین اراکین نے پارلیمنٹ اسٹریٹ سے پارلمیٹ تک مارچ کیا اور مسلم طلاق بل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔

مظاہرے میں شامل مسلم لیگ کی خواتین اراکین نے مسلم طلاق بل پر مزید بحث کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت مسلم خواتین کے اصل تحفظ کو یقینی بنائے ۔اس موقع پر تشریف جہاں نے کہا کہ مسلم لیگ تین طلاق بل کے تعلق سے شروع سے ہی احتجاج کرتی آرہی ہے ۔ اس بل کی لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں مخالفت کی گئی تھی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬