رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شام پر امریکہ اور اتحادیوں کا حملہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، روس اور امریکہ نے شام کے عوام کو تختہ مشق بنا لیا ہے اور نئے نئے میزائل اور ہتھیاروں کے تجربات شام کے اندر کئے جا رہے ہیں، خواتین اور بچوں کی آہ و بکا جاری ہے، لیکن OIC ،UNO انسانی حقوق کی تنظیمیں سب خاموش ہیں۔ بڑی طاقتوں کو اگر پنجہ آزمائی کرنی ہے تو ایک دوسرے کے علاقوں کو نشانہ بنائیں۔
اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکی کرنل جوزف کی طرف سے پاکستانی شہری کو کچلنے کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ اس حوالے سے سینیٹ میں ہم تحریک بھی جمع کرا چکے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کے خلاف پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے اور ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے تاکید کی کہ اگر سفارتی استثنٰی کی بات کی جائے تو میں حکومت سے سوال کرتا ہوں کہ ملا ضعیف بھی ایک سفیر تھا، لیکن اس کو پکڑ کر امریکہ کے حوالے کر دیا گیا۔ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ امریکی جیل میں قید ہے، کسی بھی حکومت نے اس کی رہائی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ ہمارے وزرائے اعظم اور عسکری ذمہ داران کئی مرتبہ امریکہ گئے، لیکن ان میں سے کسی نے بھی ڈاکٹر عافیہ کے لیے ایک لفظ تک نہیں بولا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/