رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان نے نائن الیون سے متعلق نیو یارک عدالت کے ایران مخالف فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ماورائے قانون کے اقدامات کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران یا کوئی ایرانی شہری نائن الیون کے واقعے میں ملوث نہیں تھے لہذا ہمارے نزدیک امریکی عدالت کا فیصلہ بے بنیاد اور ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیو یارک کی عدالت نے ایران کی غیرموجودگی میں بے بنیاد ثبوت کے تحت متعصابہ فیصلہ دیا جس کے پیچھے سیاسی اہداف ہیں۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ ماضی میں بھی امریکی حکومت نے اپنی مصدقہ رپورٹس میں اعلان کردیا تھا کہ نائن الیون کے واقعے میں امریکہ کے بعض علاقائی اتحادی ممالک ملوث تھے۔
قاسمی نے ایران مخالف امریکی عدالت کے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کے برعکس قرار دے دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اس فیصلے کے خلاف امریکی حکومت سے باضابطہ طور پر احتجاج کیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/