رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس ہفتے تہران کے خطیب نماز جمعہ حجت الاسلام محمد حسن ابوترابی فرد نے امت مسلمہ کی کامیابیوں اور ایران کے اسلامی نظام کے مقابلے میں دشمن کی کھڑی کردہ رکاوٹوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی مزاحمتی محاذ پہلے کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پوری سامراجی دنیا خطے میں اپنے ناجائز مفادات کی تکمیل میں جٹی ہوئی ہے اور علاقے میں اسلامی نظریات اور اسلامی انقلاب کے اثر و رسوخ سے پریشان ہے، اسلامی مزاحمتی محاذ کو مزید ثابت قدمی کی ضرورت ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ آج امت واحدہ کی سوچ نے فلسطین، یمن، عراق اور لبنان کے عوام کو اسلامی انقلاب اور رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائی میں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، امریکہ کے ناجائز مطالبات کے سامنے ڈٹا ہوا ہے اور پوری قوت کے ساتھ اسلامی امنگوں کا دفاع کر رہا ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ آج کا ایران ہر دور سے زیادہ طاقتور ہے، یہی وجہ ہے شام، عراق، لبنان اور یمن میں امریکیوں کی شروع کردہ پراکسی وار ناکام ہو رہی ہے جس نے واشنگٹن کے زوال کا عمل تیز کر دیا ہے۔
حجت الاسلام ابوترابی فرد نے کہا کہ آج امریکہ میں امت مسلمہ کے خلاف جنگ کی طاقت نہیں ہے اور وہ اسلامی مزاحمتی محاذ اور امت کے ہاتھوں کئی بار طمانچے کھا چکا ہے۔
تہران خطیب جمعہ نے امام خمینی رح کی قیادت میں پانچ جون انیس سو ترسٹھ کی تحریک کو قومی اتحاد و یکجہتی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینی رح نے دنیا بھر کی اقوام کے سامنے عالمی سامراجی طاقتوں کے مقابلے کا راستہ کھول دیا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۷۷