رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امورحسین جابری انصاری نے تہران میں ریڈ کراس کی ڈائریکٹر کوآرڈنیشن برائے مشرق وسطی والیری پیٹ پیئر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی ریڈ کراس کے ساتھ خطے میں انسانی بحرانوں کے خاتمے کے لئےمکمل آمادہ ہے۔
اس ملاقات میں فریقین نے علاقائی صورتحال بالخصوص شام و یمن میں انسانی بحرانوں کے حل کے حوالے سے ایران اور ریڈ کراس کمیٹی کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
حسین جابری انصاری نے کہا کہ قیدیوں کا تبادلہ اور شامی جنگ میں لاپتہ افراد کا مسئلہ ایک انسانی بحران ہے جس کا حل اسلامی جمہوریہ ایران کی اہم ترجیح ہے۔
سنیئر ایرانی سفارتکار نے جنگ کے نتیجے میں یمن کی تباہ کن انسانی صورتحال اور اس ملک میں سعودی عرب اور ان کے اتحادیوں کی جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں موجودہ انسانی تباہ کاریوں کو روکنے کے لیے بین الاقوامی ریڈ کراس کے ساتھ باہمی تعاون بڑھانے پر مکمل تیار ہے۔
ریڈ کراس کی ڈائریکٹر کوآرڈنیشن نے یمن اور شام کے بحران کے خاتمے کے لیے ایران کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے ایران کے ساتھ مشترکہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/