رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فوجی پریڈ کے دوران قوم سے براہ راست خطاب کے دوران ہونے والے ناکام قاتلانہ حملے کے بعد اپنے ایک بیان میں صدر نکولس میدورو نے کہا کہ اس حملے میں دائیں بازو کی جماعت ملوث ہے جسے امریکہ کی حمایت حاصل ہے۔
وینزویلا کےصدر نکولس میدورو نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اس قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کولمبیا میں کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملے کی مالی معاونت کرنے والے اور کئی منصوبہ ساز فلوریڈا میں رہتے ہیں ۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹرمپ انتظامیہ اس کیس میں معاونت کرے گی۔
وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں صدر نکولس میڈورو پر نیشنل گارڈز کی تقریب سے خطاب کے دوران بارود سے بھرے ڈرون کے ذریعے قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں صدر میڈورو محفوظ رہے جب کہ نیشنل گارڈز کے سات اہلکار زخمی ہو گئے۔
وینزویلا کے وزیر اطلاعات کے مطابق ڈرون کے ذریعے دھماکہ اس وقت کیا گیا جب صدر میڈورو نیشنل گارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے قریب دھماکہ خیز مواد سے لدے ڈرون گرائے گئے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/