رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے نیو یارک ٹائمز میں آرٹیکل لکھا ہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی غیر اخلاقی حرکتیں اور متعصبانہ رویہ سے امریکہ دنیا میں بدنام ہوگیا ہے۔
نیو یارک ٹائمز نے ٹرمپ انتظامیہ کے سینیئر اہلکار کا مضمون ان کا نام ظاہر کیے بغیر شائع کیا ہے جس میں حکومت کے اندر ٹرمپ مخالف فارورڈ بلاک بننے اور کئی سینیئر اہلکار امریکی صدر کو ہٹانے پر بضد ہوجانے کے انکشافات کیے گئے ہیں۔
نیو یارک ٹائمز کے آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ میں آنے والے تمام صدور کے مقابلے میں سب سے بڑے امتحان سے گزر رہے ہیں، ان کی زیادہ تر پالیسیاں تجارت اور جمہوریت مخالف ہیں۔
اکثر اوقات نہ تو امریکی صدر کو معاملات کی نوعیت کا اندازہ ہوتا ہے اور نہ ہی درست معلومات ہوتی ہیں، وہ بس اپنے فیصلے کو ہر صورت مسلط کرنے پر زور دیتے ہیں۔
مضمون میں ٹرمپ انتظامیہ کے اہلکار نے لکھا ہے کہ امریکی صدر کی قیادت کا طریقہ منفی، غیر موثر اور غصےسے بھرپور ہے، ٹرمپ ذاتی طور پر روسی صدر پوتین اور کوریائی رہنما کم جانگ اُن جیسے آمروں کو ترجیح دیتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے بہت سے اقدامات ملکی مفاد کے خلاف ہوتے ہیں۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کے اندر ٹرمپ سے مقابلے کے لیے فارورڈ بلاک بن گیا ہے، صدر ٹرمپ کے اقدامات کو ملک کے خلاف قرار دیتے ہوئے کئی سینیئر اہلکار ڈونلڈ ٹرمپ کو ہٹانے پر بضد ہوگئے ہیں۔/۹۸۹/۹۴۰/