رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لندن میں نماز اور نواسہ رسول (ص) کی شہادت کے سلسلے میں مجلس اور سوگواری میں شرکت کے بعد مسجد سے واپس جانے والے عزاداروں کے ساتھ مبینہ طور پر اسلام مخالف نفرت کا واقعہ پیش آیا ہے۔ جس میں ایک کار سوار نے نمازیوں کو ٹکر ماری دی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
لندن کے شمال مغربی علاقے کرکل ووڈ کی پولیس اور حکام کا کہنا تھا کہ کار حملہ بدھ کی صبح کیا گیا۔ مقامی میڈیا نے پولیس اور مسجد انتظامیہ کے حوالے سے رپورٹ دی کہ حملے میں ایک خاتون اور 3 مرد شامل ہیں جن کی عمریں 24 سے 26 سال کے درمیان تھیں اور انہوں نے اسلام مخالف اور نفرت انگیز نعرے لگائے۔
پروگرام کے منتظمین حسینی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ جیسے ہی پروگرام اختتام کو پہنچا تھا اور پروگرام میں شریک افراد واپس جانے لگے تھے تو ایک کار ان کی جانب بڑھی۔
ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ڈرائیور لوگوں کو مارنے کی کوشش کر رہا تھا۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے کو ممکنہ طور پر نفرت انگیز جرم کے طور پر لے رہے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/