09 October 2018 - 09:39
News ID: 437355
فونت
حجت الاسلام مختار امامی :
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ وزارت داخلہ ان امور کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے زائرین کو پاسپورٹ کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائے۔
حجت الاسلام مختار امامی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان حجت الاسلام مختار امامی نے کہا ہے کہ زائرین کو پاسپورٹ اجرا میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کی ہدایات کے باوجود تفتان بارڈر پر اب تک کوئی سہولیات فراہم نہیں کی جاسکیں۔ امیگریشن کا محکمہ سارا سال طے شدہ تاریخ کے مطابق پاسپورٹ جاری کرتا ہے، لیکن محرم اور سفر کے ایام میں دانستہ طور پر تاخیری حربے اختیار کئے جاتے ہیں، تاکہ زائرین کو پریشان کیا جا سکے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران کا یہ رویہ ناصرف پیشہ وارانہ بددیانتی ہے بلکہ ملک میں مسلکی منافرت کو ہوا دینے کے مترادف ہے، اس طرح کے غیر منصفانہ اقدامات ناقابل برداشت ہیں، جن پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اداروں میں موجود ایسے متعصب افسران کیخلاف انکوائری کی جانی چاہیئے، جو زائرین کو پاسپورٹ کے بروقت اجرا کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت داخلہ ان امور کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے زائرین کو پاسپورٹ کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائے۔

ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ اس وقت بھی ہزاروں زائرین تفتان بارڈر پر پھنسے ہوئے ہیں، جن کا کوئی پرسان حال نہیں، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے واضع احکامات کے باوجود اب تک انتظامیہ زائرین کو سہولیات پہنچانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ حکومت فی الفور بسوں کے کانوائے کو بروقت نکالے، تاکہ زائرین ذہنی اذیت سے بچ سکیں۔ شدید سردی اور عدم سہولیات کے باعث تین زائرین اب تک شہید ہوچکے ہیں، جو حکومت کے منہ پر طمانچہ سے کم نہیں۔ حکومت فی الفور زائرین کو تفتان سے نکالے اور ہمارے صبر کا امتحان نہ لے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬