رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گستاخ شان رسالت آسیہ بی بی کے اعتراف کے بعد نیز سیشن کورٹ و ہائی کورٹ کے فیصلوں کے تناظر میں سپریم کورٹ آسیہ بی بی کی سزا کو قائم رکھتے ہوئے قرار واقعی سزا کا اعلان کرے، ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائدین نے ایک مشاورتی اجلاس میں کیا۔
اس سلسلے میں طے پایا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان میں شامل تمام جماعتیں 12 اکتوبر بروز جمعہ بعد نماز جمعہ ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے منعقد کریں گی۔ اس سلسلے میں اسلام آباد پریس کلب، کراچی، لاہور اور تمام صوبائی مراکز پر احتجاج کیا جائے گا۔ ان احتجاجی پروگراموں میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل جماعتیں اور ان کے قائدین شرکت کریں گے۔
مشاورتی اجلاس میں دیگر تنظیمی امور بھی زیر بحث آئے۔ اجلاس کی صدارت کونسل کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کی، دیگر شرکاء میں جمعیت علمائے پاکستان کے جنرل سیکرٹری پیر صفدر گیلانی، اسلامی تحریک کے جنرل سیکرٹری علامہ عارف حسین واحدی، نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ سیاسیات کے انچارج سید اسد نقوی، تنظیم اسلامی اسلام آباد کے مسؤل راجہ اصغر اور کونسل کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثاقب اکبر شامل تھے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰