‫‫کیٹیگری‬ :
22 October 2018 - 11:31
News ID: 437475
فونت
نورالحق قادری:
وفاقی وزیر مذہبی امور کا لاہور میں سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کہ داعش، القاعدہ اور تحریک طالبان پاکستان جیسی تنظیمیں اسلام اور جہاد کو بدنام کرنے کیلئے کھڑی کی گئیں، بدامنی، نفرت اور تعصب کو ختم کرنے کیلئے صوفیا و اولیا کے درس محبت کو اپنانا ہو گا۔
نورالحق قادری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کی مطابق، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس بنا کر دم لیں گے، جعلی پیروں نے خانقاہی نظام کو بدنام کیا ہے، قانون ناموس رسالت میں کسی طرح کی کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، طالبانائزیشن نے اسلام اور پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، مذاہب اور مسالک کے درمیان ہم آہنگی کیلئے صوفیاء کی فکر کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر عمران خان نے جرات مندانہ کردار ادا کر کے عاشق رسول ہونے کا ثبوت دیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت قومی خزانہ حکام کی بجائے عوام پر خرچ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ بے رحم احتساب ملک و قوم کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے، پی ٹی آئی دینی جماعت نہیں لیکن دین بیزار بھی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلامک ریسرچ کونسل کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں‘‘ مذہبی رواداری کے فروغ میں صوفیاء کا کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ قومی سیمینار میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں پندرہ یونیورسٹیوں کے پی ایچ ڈی سکالرز اور محققین نے شرکت کی۔

سیمینار کے مقررین میں اسلامک ریسرچ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس، آئی آر سی کے صدر ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، زاویہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین علامہ رضا الدین صدیقی، ڈاکٹر محبوب حسین (پنجاب یونیورسٹی)، ڈاکٹر علی اکبر الازہری (گریژن یونیورسٹی) پروفیسر عتیق الرحمن (ایف سی کالج یونیورسٹی) ڈاکٹر مفتی محمد حسیب قادری (گجرات یونیورسٹی) ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد (منہاج یونیورسٹی) ڈاکٹر ظہور احمد الازہری (لاہور یونیورسٹی) ڈاکٹر محمد ارشد (جی سی یونیورسٹی سیالکوٹ)، ڈاکٹر شمس الرحمن شمس اور محمد نواز کھرل شامل تھے۔ ڈاکٹر عقیل احمد نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔

ڈاکٹر پیر نور الحق قادری نے مزید کہا کہ اسلام انسانیت نواز دین ہے اسلام نے فساد فی الارض کو بدترین گناہ قرار دیا ہے، صوفیا نے ہر دور میں مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ نوجوان نسل میں امن پسندی پیدا کرنے کیلئے دینی سکالرز اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ روحانی انقلاب ہی بے سکون انسانیت کو سکون آشنا کر سکتا ہے، شعبدہ بازی کا نام تصوف نہیں، جہاد کے نام پر فساد کرنے والے اسلام اور مسلمانوں کے بدترین دشمن ہیں، عالمی امن کیلئے صوفی ازم کے احیا کی ضرورت ہے، عمران خان نے کرپشن کے خاتمے کو قومی نصب العین بنا دیا ہے، تباہ حال ملک کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ پیر نورالحق قادری نے کہا کہ داعش، القاعدہ اور تحریک طالبان پاکستان جیسی تنظیمیں اسلام اور جہاد کو بدنام کرنے کیلئے کھڑی کی گئیں، بدامنی، نفرت اور تعصب کو ختم کرنے کیلئے صوفیا و اولیا کے درس محبت کو اپنانا ہوگا۔ صوفیا کی تعلیمات سے محبت، امن، برداشت اور رواداری کا درس ملتا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت ملک کو بحران اور قوم کو مایوسی سے نکالنے کے لئے خلوص نیت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

آئی آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس نے کہا کہ صوفیا کی تعلیمات و افکار کو مشعل راہ بنا کر پُرامن معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ روحانی خانقاہیں امن و محبت اور رشد و ہدایت کے مراکز ہیں۔ صوفیا عظمت آدم اور انسان دوستی کے علمبردار ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت خلافت راشدہ کے طرز حکمرانی کو آئیڈیل بنائے۔ نظام مصطفے کے نفاذ سے ہی نیا پاکستان بن سکتا ہے۔ اسلامک ریسرچ کونسل کے صدر ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے کہا کہ صوفی ازم ناچ گانے کا نام نہیں۔ شریعت اور طریقت لازم و ملزوم ہیں۔ صوفیا نے اپنے عہد کے فتنوں کی سرکوبی کے لئے مجاہدانہ کردار ادا کیا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬