رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کُل مسالک علماء بورڈ نے 18 دسمبر کو ملک بھر میں "یوم لغتِ عربی" منانے کا اعلان کیا ہے ۔
کل مسالک علماء بورڈ کے سربراہ مولانا عاصم مخدوم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عربی تمام زبانوں کی ماں ہے، اس کو فروغ دینا چاہیے۔ مولانا عاصم مخدوم نے مزید بتایا کہ لغتِ عربی سے قرآن و حدیث کو سیکھنے میں مدد ملتی ہے جس کیلئے اس کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔
مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ 18 دسمبر کو جامعہ صدیقیہ مستی گیٹ لاہور میں یومِ لغتِ عربی کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوگی۔ جس کے انعقاد اور انتظامات کیلئے پیر قاری احمد شکیل صدیقی کو تقریب کا کوارڈینٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔
مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کا رجحان انگریزی کی طرف زیادہ ہو گیا ہے، فی زمانہ انگریزی بھی اہم ہے مگر عربی سے ہمیں اپنی فکری میراث سے قربت کا سامان ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ علم کا چشمہ سرزمین عرب سے پھوٹا تھا، اس سے سیراب ہونے کیلئے ہمیں عربی زبانی کی طرف لوٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں عربی زبان کے فروغ و اشاعت کیلئے حکومتی سطح پر بھی اقدامات کیلئے کوششیں کریں گے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰