رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ائیر ٹریفک کنٹرول ایسوسی ایشن نے ملکی تاریخ کے طویل ترین شٹ ڈاؤن کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر حکام کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر مقدمے میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شٹ ڈاؤن کے سبب تنخواہیں نہیں دی جارہیں اور تنخواہ کے بغیر کوئی ملازم کام کرنے کو تیار نہیں جب کہ کمپنی کے ملازمین کا کہنا ہے کہ مطلوبہ معاوضے دیے بغیر سخت محنت کروائی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ میں جاری جزوی شٹ ڈاؤن 23 ویں روز میں داخل ہو گیا ہے اور آٹھ لاکھ سے زائد لوگوں کو تنخواہیں نہیں مل سکی ہیں۔
شٹ ڈاؤن کے سبب لاکھوں افراد کو جزوی طور پر گھر بھیج دیا گیا ہے اور ہزاروں افراد بلامعاوضہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔
امریکی صدر کی جانب سے میکسیکو کے ساتھ سرحدی دیوار کی تعمیر کیلئے رقم پر باربار اصرار کیا جارہا ہے اور ٹرمپ نے کہہ دیا ہے کہ رقوم کی منظوری نہ ہونے تک وہ شٹ ڈاؤن کو مہینوں بلکہ سالوں تک بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔
امریکہ میں جاری حالیہ شٹ ڈاؤن امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن ہے۔ قبل ازیں 1996 میں بل کلنٹن کے دور صدارات میں 21 روز کا شٹ ڈاؤن ہوا تھا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/