رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ عالمی ادارے یمن کے دارالحکومت صنعا کے اسپتالوں سے باج وصولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انھوں نے صنعا کے اسپتالوں کے سلسلے میں بین الاقوامی اداروں کے اس عمل کو ایک جرم سے تعبیر کیا اور اس بارے میں موثر اقدامات عمل میں لائے جانے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے دفتر نے خبردار کیا ہے کہ یمن کو بدترین انسانی بحران کا سامنا ہے اور اس ملک کے دو کروڑ، چالیس لاکھ شہریوں کو امداد کی اشد ضرورت ہے۔
یونیسف کے مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے امور کے ڈائریکٹر نے بھی حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ دسمبر دو ہزار اٹھارہ میں طے پانے والے سوئیڈن سمجھوتے کے باوجود یمنی بچوں کی صورت حال پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے اور یمن میں روزانہ تقریبا آٹھ بچے جاں بحق و یا زخمی ہو رہے ہیں۔