رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ قرآن آخری الہامی کتاب ہے، جس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ مرجعیت، رہبریت اور قیادت کیخلاف نعرے لگانے والا ٹولہ استعماری ایجنڈے کو پروان چڑھا رہا رہے ہیں تاکہ شیعہ کو تقسیم کرنے کا تاثر دیں، امریکہ اور اس کے حواری چاہتے ہیں کہ تشیع کے روشن چہرے کو مسخ کرکے غالی اور نصیری خرافات کو فروغ دیا جائے۔ شیعہ توحید پرست ہیں، مشرک، غالی اور نصیری نہیں ہو سکتے۔ توحید، ختم نبوت اور ولایت علی بن ابی طالب ہمارے ایمان کا حصہ ہے، امام زمانہ کی غیبت کبریٰ میں مراجع عظام اسلام کے محافظ اور تشریح کرنیوالے ہیں، کسی کو سٹیج حسینی کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
لاہور میں عہدیداروں سے گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ مرجعیت، رہبریت اور قیادت تشیع کا فخر ہے، جو دشمنان اسلام کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے جبکہ اجتہاد شیعیت کا اعزاز ہے، اسلام زندہ مذہب ہے جس میں تمام جدید مسائل کا حل بھی موجود ہے، ولایت فقیہہ اسلام کا سیاسی نظام ہے، اس پاکیزہ مذہب میں کسی خاندانی شہنشاہیت، سرمایہ دارانہ اور سیکولر نظاموں کی کوئی گنجائش نہیں۔
علامہ سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے قومی قیادت اور جماعت سے زیادہ پاکستان میں عزاداری سید الشہدا کے تحفظ کا دعویدار نہیں، جنہوں نے شہدا کے خاندانوں کی کفالت کی، اسیران کی قانونی اور مالی مدد کی اور خود علامہ سید ساجد علی نقوی نے تکفیری سرغنے کے مقدمہ قتل میں قید و بند کا بھی سامنا کیا۔/۹۸۸/ ن