10 July 2019 - 12:51
News ID: 440769
فونت
حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری :
شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر نے کہا کہ قرآن و حدیث سے حکم الٰہی تلاش کرنے کا نام اجتہاد ہے۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ علماء انبیاء کے وارث ہیں، اسلام میں رہبانیت، نصیریت اور غالیت کا کوئی تصور نہیں، مکتب تشیع اسلام کا واضح اور روشن چہرہ ہے، جو پیغمبر اکرم کی ختم نبوت کے بعد آئمہ اہلبیت کے ذریعے ہم تک پہنچا، ختم نبوت کے بعد سلسلہ امامت و ولایت شروع ہوا۔ غیبت کبریٰ کے بعد سے امام زمانہ امام مہدی علیہ السلام کی نیابت علماء ادا کر رہے ہیں، جنہوں نے تعلیمات اہلبیت کو عوام تک پہنچایا، علم و عمل کا یہ کارواں علامہ یعقوب کلینی سے آیت اللہ روح اللہ خمینی سے ہوتا ہوا اب تک جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن و حدیث سے حکم الٰہی تلاش کرنے کا نام اجتہاد ہے۔ تقلید صرف مجتہد ہی کی جا سکتی ہے، کسی جاہل کی نہیں۔ حوزہ ہائے علمیہ کی معاشرے میں خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مکتبہ اہل بیت کے مراکز نجف، کربلا، کاظمین، سامرہ، قم المقدس اور لکھنو رہے ہیں جبکہ شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ، شیخ صدوق، علامہ حلی، شیخ مقدسی، سید مرتضٰی، شہید اول، شہید ثانی جیسے علماء نے مکتب اہلبیت کیلئے زندگیاں وقف کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ بروجردی، آیت اللہ حائری، آیت اللہ رضا گلپائیگانی، مکارم شیرازی، عبداللہ شیرازی جیسی نامور شخصیات نے بھی تعلیمات اہل بیت اطہار کو فروغ دینے کی بڑی کوشش کی۔ علماء کیخلاف سازشیں مکتب اہل بیت کو ختم نہیں کرسکتیں۔ علماء کی اہمیت سے انکار کوئی جاہل ہی کرسکتا ہے۔ دین کیا ہے؟ قرآن کیسے پڑھا جائے، حدیث کیا ہے؟ سیرت اہلبیت کیا ہے؟ نکاح، طلاق، جنازہ اور دیگر روزمرہ زندگی کے معاملات سب علماء ہی نے بتائے اور سکھائے۔ علماء کی اہمیت سے انکار کرنیوالے بتائیں کہ ان کے علماء کون ہیں؟ دین علماء سکھائیں گے یا جاہل گلوکار، قوال اور پیشہ ور مقرر، جنہیں اعراب کے ساتھ قرآن مجید تک پڑھنا نہیں آتا۔

شیعہ علماء کونسل کے رہنماء نے کہا کہ علامہ گلاب علی شاہ، قبلہ یار محمد شاہ، علامہ حسین بخش جاڑا، مولانا صفدر حسین نجفی، آیت اللہ شیخ محمد حسین نجفی نے پاکستان میں جبکہ لکھنو کے علامہ سید علی نقی نقن نے برصغیر میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کیلئے باعث فخر ہے کہ حوزہ علمیہ نجف اشرف کی نمایاں شخصیت مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمٰی بشیر حسین نجفی حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر کے طالبعلم اور لاہور کے رہائشی ہیں۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬