06 August 2019 - 15:14
News ID: 440988
فونت
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری :
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ ہم مظلوم کشمیری بہنوں بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے کشمیر ایشو پر میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے خطے کو آگ و خون کے سمندر میں جھونک رہا ہے،اگر اقوام عالم نے بھارتی غیر آئینی و غیر اخلاقی اقدامات کو نہ روکا تو کروڑوں انسانوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہو نگے ۔

حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ہندوستان کسی بھول کا شکار ہے اور اسرائیلی روش اپنا رہا ہے،جس طرح اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں فلسطینی مسلمانوں پر ظلم وستم اور جبر و استبداد کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے اسی طرح بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، کشمیر کے مسلمان اپنی جانوں پر کھیل کر اپنے حقوق کا دفاع کرینگے اور ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائی کی مدد کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،مودی سرکار کو یاد رکھنا چاہیئے آج ہمارے دفاعی ادارے اور افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتے ہیںاور سب سے بڑھ کے مسلمانان پاکستان کے دلوں میں جذبہ ءجہاد کوٹ کوٹ کے بھرا ہوا ہے جس کا کوئی توڑ نہیں،ہندوستان، مسلمانان پاکستان کے جذبہءجہاد و شہادت کا مقابلہ نہیں کر سکتا،ہم کٹ مریں گے مگر غلامی ،اور جبر کو برداشت نہیں کریں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اس حوالے سے حکومت پاکستان کو کہا کہ وہ کسی دباؤ میں نہ آئے اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی اور حقوق کی حصول کیلئے سفارتی مہم تیز کرے اور مسلم ممالک کو اعتماد میں لے جبکہ داخلی طور پہ بھی اس اہم ایشو پر تمام سیاسی و سماجی حلقوں کو اعتماد میں لے کر پوری دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ہم مظلوم کشمیری بہنوں بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ثابت کرنا ہے کہ پاکستانی ایک قوم اور جسد واحد ہیں،اپوزیشن ہو یا حکومتی جماعتیں اس مسئلہ پر ہم سب ایک ہیں۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬