رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب کا کہنا تھا کہ دشمن کو ایرانی عوام کی استقامت کا پتہ چل گیا ہے اور ایران کے عوام اقتصادی دباؤ میں آکر اسلامی انقلاب کے راستے کو نہیں چھوڑیں گے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ پچھلے چالیس برس کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران نے دنیا کے سامنے اپنی امن پسندی کو ثابت کردیا ہے جبکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی مجرمانہ ماہیت پوری دنیا پر عیاں ہوچکی ہے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے ملکی ماہرین کے تیار کردہ جدید ترین دفاعی نظام باور تین سو تہتر کی رونمائی کو ملت ایران کی بڑی کامیابی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ایران کی عظیم قوم سائنس اور فوجی ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی طاقتور ہوچکی ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ دشمن یہ سمجھ رہے تھے کہ ہماری قوم اقتصادی جنگ کے نتیجے میں اسلامی انقلاب سے دستبردار ہوجائے گی لیکن ایسا نہیں ہوا کیونکہ اس ملک کو امام زمانہ عجلہ اللہ تعالی فرجہ الشریف کی سرپرستی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا ہماری قوم صبر وا استقامت کے ساتھ روشن مستقبل کی جانب قدم بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم بے وقوف اور اپنی بے وقوفی کو دنیا کے سامنے عیاں کرچکے ہو لیکن ایران اور ایرانی عوام بہادر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اور جوانوں میں یہ شجاعت، امام خمینی رح اور رہبر انقلاب اسلامی نے، اہلبیت علیھم السلام کی پیروی کرتے ہوئے پیدا کی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی قوم اللہ تعالی کی مدد و نصرت کے سائے میں اقتصادی مشکلات پر قابو پانے میں بھی کامیاب ہوجائے گی۔ /۹۸۸/ ن