04 September 2019 - 20:05
News ID: 441223
فونت
صدر حسن روحانی:
ایران کے صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی سطح میں کمی کے تیسرے مرحلے پر عملدآمد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ یورپ کے ساتھ ہنوز حتمی سمجھوتہ نہیں ہوسکا ہے لہذا ایران اپنے فیصلہ پر عملدرآمد شروع کردے گا۔

صدر ایران نے کہا ہے انتہا پسند امریکی عہدیداروں، نسل پرست صیہونی حکومت اور علاقے کی بعض رجعت پسند حکومتوں کا اس وقت وائٹ ہاؤس پر تسلط ہے اور ان ہی تین گروہوں کی وجہ سے امریکا نے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کی ہے ۔ صدر ایران نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے مقابلے میں ایران کے اقدامات اور اسٹریٹیجک صبر کو دانشمندانہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یورپی ملکوں کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ضرور ہوئی ہے تاہم مقررہ مہلت کے اندر کسی سمجھوتے کا امکان دکھائی نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا ہے اسلامی جمہوریہ ایران ایٹمی معاہدے میں کمی کے تیسرے مرحلے کے اقدامات کا آج کل میں اعلان کردے گا۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ تیسرے مرحلے کے اقدامات بے انتہا اہمیت کے حامل ہیں جن کے نتیجے میں ایران کا ایٹمی توانائی کا ادارہ اپنے طے شدہ اہداف تک رسائی کے لیے برق رفتاری کے ساتھ کام شروع کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران تیسرے مرحلے کے اقدامات کے بعد بھی پورپی ملکوں کو دو ماہ کی مہلت دے گا اور اگر اس دوران سمجھوتہ ہونے کی صورت میں مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کی طرح کھلا رہے گا۔

قبل ازیں ایران کے سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے کہا تھا کہ اگر یورپی فریق ایٹمی معاہدے سےمتعلق اپنے وعدے پورا نہ کرسکا تو تہران چھے ستمبر سے ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردے گا۔

جمہوریہ سلوینیہ میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سید عباس عراقچی نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسی صورت میں دوبارہ ایٹمی معاہدے پر پوری طرح سے عمل کرے گا جب وہ اپنا تیل آزادی کے ساتھ فروخت کرسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ بات یورپ پر منحصر ہے کہ وہ ایران سے تیل خریدتا ہے یا اس کے عوض کریڈٹ لائن قائم کرتا ہے۔

ایران کے نائب وزیرخارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار نے یہ بات زور دے کر کہی کہ تہران کسی بھی صورت میں اپنی ریڈ لائن پر کسی سے بھی مذاکرات نہیں کرے گا۔/۹۸۸/ن

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬